ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرینواس پرساد کاسیاسی فیصلہ8؍نومبرکو سابق وزیر کا بی جے پی کی جانب جھکاؤ زیادہ

سرینواس پرساد کاسیاسی فیصلہ8؍نومبرکو سابق وزیر کا بی جے پی کی جانب جھکاؤ زیادہ

Mon, 31 Oct 2016 12:09:09    S.O. News Service

بنگلورو:30؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاستی کابینہ سے ہٹائے جانے سے دلبرداشتہ ہوکر اپنی اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ پیش کرکے کانگریس کو خیرباد کہنے والے سابق ریاستی وزیر وی سرینواس پرساد اپنا اگلا سیاسی قدم 8؍نومبر کو آگے بڑھانے والے ہیں۔ سابق وزیر وسینئر سیاسی لیڈر کو اپنی اپنی پارٹی میں شامل کرنے کے لئے جنتادل سکیولر اور بھارتیہ جنتاپارٹی بی جے پی اپنے اپنے طریقہ سے کافی جدوجہد کرنے لگے ہیں۔ لیکن باوثوق ذرائع سے پتا چلا ہے کہ سریونواس پرساد کا بی جے پی کی طرف زیادہ جھکاؤ ہے۔ لیکن حقیقت کا 8؍نومبر کو ہی پتا چلے گا۔ جب سرینواس پرساد اپنے اگلے سیاسی اننگز کا اعلان کریں گے۔ سابق وزیر سے بی جے پی کے ریاستی صدر وسابق وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا اور جنتادل سکیولر کے ریاستی صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے ایک دور کی بات چیت مکمل کرلی ہے۔ لیکن پرساد کس پارٹی میں اپنی دوسری اننگز شروع کرنے والے ہیں اس کا ابھی کھلے طورپر ظاہر نہیں کیا ہے۔ لیکن ان کے طرفداروں کا کہنا ہے کہ پرساد بی جے پی پر اپنی توجہ دکھانے لگے ہیں۔ اس سلسلہ میں سرینواس پرساد نے اپنے طرفداروں سے بھی رائے مشورے کئے ہیں۔ 7؍نومبر کو ننجنگڈھ میں اپنے طرفداروں اور کارکنان کے ایک اجلاس کا انعقاد کرکے تبادلہ خیال کرنے کے بعد اپنا اگلا سیاسی قدم اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔ بی جے پی کی جانب اپنی توجہ زیادہ مبذول کرنے والے وی سرینواس پرساد کے ننجنگڈھ علاقہ میں ایک کنونشن منعقد کرکے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی باتیں ہونے لگی ہیں۔ ذرائع سے یہ بھی پتا چلاہے کہ تین دن قبل بی جے پی کے ریاستی صدر ایڈی یورپا نے دوبارہ سرینواس پرساد سے ملاقات کرکے بی جے پی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ بتایا جارہاہے کہ ایڈی یورپا، سرینواس پرساد سے ملاقات کے دوران پارٹی میں اہم مقام دینے کے علاوہ ریاست میں پارٹی برسراقتدار آئی تو وزارت میں شامل کرنے کا بھی وعدہ کیاہے۔ اب یہ دیکھنا ہے کہ سرینواس پرساد 8؍نومبر کو اپنے اگلے سیاسی قدم کا کیا اعلان کریں گے اور کس پارٹی کی طرف ان کا جھکاؤ ہوگا۔ وہ انتظار کرکے دیکھا پڑے گا۔


Share: